پاکستان بیلجئم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، فواد حسن فواد
صباح نیوز
اسلام آباد: نگرانی وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلجئم کے درمیان قریبی ، دوستانہ اور تجارتی روابط قائم ہیں، 2013 کے بعد سے لے کر اب تک بیلجئم کو پاکستانی برآمدات میں 92 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات بیلجئم کے کنگز ڈے کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کے موقع پر کہی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں بیلجئم کے سفیر چارلس ڈیلون کے ہمراہ کیک کاٹا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر نجکاری نے کہا کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ بیلجئم یورپی یونین کا اہم ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ، تجارتی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں جی ایس پی سٹیٹس ملنے کے بعد بیلجئم کو پاکستانی برآمدات میں 92 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی روابط کی عکاسی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر بیلجئم کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Source: Sabah News